احمد آباد، 8 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس پارٹی کی اسی ماہ ہونے والی ’نوسرجن قبائلی ادھیکار یاترا ‘میں شامل ہونے کے لیے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی گجرات جا سکتے ہیں۔بہر حال، راہل اور سونیا دونوں اس یاترا کو الگ الگ موقعوں پر خطاب کریں گے۔یہ 12روزہ یاترا 20یا 21؍اکتوبر سے شروع ہونے والی ہے۔یہ شمالی گجرات میں بناس کانٹھا ضلع کے امباجی سے شروع ہوگی اور اس کا اختتام جنوبی گجرات کے ولساڑ میں امبرگاؤں میں ہوگا۔ریاست کے کانگریس ترجمان منیش دوشی نے بتایا کہ اس یاترا میں ریاست کی قبائلی اکثریتی مشرقی پٹی بھی شامل ہو گی ۔انہوں نے بتایاکہ ہم نے راہل گاندھی سے درخواست کی ہے کہ 20یا 21؍اکتوبر کو یاترا کے امباجی سے شروع ہونے پر وہ اجتماع سے خطاب کریں۔پارٹی صدر سونیا گاندھی بھی 12روزہ یاترا کے اختتام پر اجتماع سے خطاب کر سکتی ہیں ۔حالانکہ اس پروگرام کی ابھی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔یاترا کا مقصد قبائلیوں سے براہ راست ملاقات کرکے انہیں اپنی طرف متوجہ کرنا ہے۔1200کلومیٹر کی اس یاترا میں ہر دن تقریبا 100کلومیٹر کا علاقہ کور کیا جائے گا ۔دوشی نے بتایاکہ یاترا کے ذریعے پارٹی کے لیڈران اور کارکنان قبائلی اکثریتی 13اضلاع کی 38اسمبلی حلقوں میں باقاعدہ وقفے پر مقامی لوگوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے۔ریاست میں 2017کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔